رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کی قومی حکومت کے وزیراعظم کے دورہ غزہ کے موقع پر فلسطینی عہدیداروں کے قافلے کے راستے میں بم دھماکے کی محمود عباس نے مذمت کرتے ہوئے اسے قومی صلح کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے سے تعبیر کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے فلسطینی وزیراعظم رامی الحمد اللہ سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ فلسطینی وزیراعظم رامی الحمد اللہ اور انٹیلی جینس چیف ماجد فرج کے قافلے کے راستے میں دھماکہ کرنے کا مقصد قومی آشتی کو سبوتاژ کرنا اورغزہ کو غرب اردن سے علیحدہ کرنے کی سازش ہے۔محمود عباس کا کہنا تھا کہ اس قسم کی کارروائیاں فلسطینی عوام کے عزم و حوصلے کو قدس فلسطین کے دارالحکومت اور قومی آشتی کے حوالے سے کمزور نہیں کر سکتیں۔
واضح رہے کہ کل فلسطینی وزیراعظم رامی الحمد اللہ اور انٹیلی جینس چیف ماجد فرج کے قافلے کے راستے میں دھماکہ اس وقت ہوا جب وہ غزہ میں داخل ہونے کے لیے بیت حانون کے علاقے سے گزر رہے تھے۔
فلسطینی وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ وزیراعظم رامی الحمداللہ کی گاڑی سے کچھ فاصلے پر ہوا اور اس میں کوئی شخص جاں بحق یا زخمی نہیں ہوا۔
وزیراعظم رامی الحمد اللہ نے اس واقعے کو ایک بڑی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
