بیت لحم (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں ایک فلسطینی نوجوان نے رات گئے تین اسرائیلی فوجی کار کی ٹکر سے کچل دیے جس کے نتیجے میں تینوں فوجی زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ بیت لحم میں شاہراہ 60 پر ’نفیہ ڈینیل‘ نامی صیہونی کالونی کے قریب پیش آیا۔ فلسطینی نوجوان اسرائیلی فوجیوں کو کچلنے کے بعد بہ حفاظت فرار ہوگیا۔زخمی ہونے والے تینوں فوجیوں کو گہری چوٹیں آئی ہیں جب کہ ان میں سے ایک کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
عبرانی میڈیا کے مطابق فلسطینی نوجوان کی تیز رفتار کار کی زد میں آکر تین اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد اسرائیلی فوج کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور فرار ہونے والے فلسطینی کار ڈروائیور کی تلاش کے لیے حوسان اور اطراف میں موجود دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے تاہم آخری اطلاعات تک ملزم کی شناخت یا اس کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔