جنین – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی حکام نے زیرحراست فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن ابراہیم دحبور کی انتظامی قید میں خفیہ طور پر چار ماہ کی توسیع کردی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مغربی کنارے کےشمالی شہر جنین سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ ابراہیم دحبور کی مدت حراست میں دوسری بار توسیع کی گئی ہے۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسیر رکن پارلیمنٹ دحبور کو اسرائیلی انتظامیہ کی طرف سے ایک نوٹس دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے ان کی انتظامی قید میں مزید چار ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ابراہیم دحبور کو اسرائیلی فوج نے 23 مارچ 2016ء کو حراست میں لیا تھا۔ انہیں گرفتاری کے بعد انتظامی حراست میں ڈال دیا گیا تھا۔ دحبور کی گرفتاری ان کی صاحبزادی کی شادی سے چند روز قبل عمل میں لائی گئی تھی۔ ابراہیم دحبور ماضی میں بھی کئی بار گرفتار ہو کر اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔
