قابض صہیونی حکام کی سفارش پر اسرائیل کی ایک عدالت نے فلسطین قانون ساز کونسل کے رکن اور اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے مرکزی رہ نما ماھر بدر کی مدت حراست میں چھ ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔
رکن اسمبلی ماھر بدر المعروف ابو عبادہ کے اہل خانہ کے ایک ذریعے نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ صہیونی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ ماھر بدر کے قبضے سے ایک خفیہ دستاویز ملی ہے جو اسرائیل کے لئے خطرناک قرار دی جا رہی ہے۔ اس خفیہ دستاویز کے بعد انہیں مزید چھ ماہ کے لیے جیل میں قید رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ماھر بدر ماضی میں بھی گیارہ سال تک اسرائیلی جیلوں میں قید رہ چکے ہیں۔ وہ متعدد جان لیوا امراض کا شکار ہیں جن کے باعث انہیں مزید جیل میں قید رکھنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں حماس کے پارلیمانی بلاک اصلاح وتبدیلی کی ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے 11 ارکان ابھی تک قید ہیں۔ ان میں سے نو نے حال ہی میں اپنے بلا جواز حراست کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین