(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کی تعلقات عامہ کونسل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں معروف مسلمان باکسر محمد علی کلے کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو عالم اسلام کے لیے دکھ اور غم کا موجب قرار دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی تعلقات کونسل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نو مسلم محمد علی کلے صرف امریکی شہری نہیں بلکہ وہ عالم اسلام کے نمائندہ باکسر تھے اور ان کی اسلام اور مسلمانوں کے لیے خدمات تا قیامت فراموش نہیں کی جائیں گی۔خیال رہے کہ محمد علی کلے ہفتے کے روز امریکی ریاست اریزونا میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ ان کے انتقال کی خبر پوری اسلامی دنیا میں جنگ کی آگ کی طرح پھیلی اور ان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔
فلسطینی تعلقات کونسل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں محمد علی کلے کی اسلام اور مسلمانوں کے لیے خدمات کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مرحوم صرف ایک باکسر اور کھلاڑی ہی نہیں تھے بلکہ وہ نسل پرستی کے خلاف ایک زندہ علامت رہے۔ انہوں نے ویتنام کی جنگ میں حصہ لینے کے لیے امریکی فوج میں بھرتی ہونے سے انکار اور فلسطینی پناہ گزین کیمپوں کا دورہ کر کے فلسطینیوں کی تحریک آزادی کی بھی مکمل حمایت کی تھی۔