رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں صدر محمود عباس اور رام اللہ اتھارٹی کے مقرب اخبار’القدس‘ کی جانب سے صہیونی آباد کاری کی ترویج میں ایک متنازع اشتہار شائع کرنے پر فلسطین کے عوامی اور صحافتی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رام اللہ میں قائم پریس کلب کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی اخبار میں صہیونی آباد کاری کی ترویج میں اشتہار کی اشاعت صہیونی ریاست کی ترجمانی کے مترادف اور انتہائی قابل مذمت اقدام ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی شہری انتظامیہ کو اخبار القدس میں متنازع اشتہار کی اشاعت کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانی چاہیے۔
بیان میں فلسطینی اتھارٹی سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اخبار القدس میں شائع ہونے والے متنازع اشتہار کو نوٹس لے اور آئندہ کے لیے صہیونیت نوازی کی پالیسی ترک کرے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اخبار’القدس‘پرایک اشتہار شائع کیا گیا جس میں رام اللہ میں فلسطینی اراضی پر صہیونی آباد کاری کی ترویج پر مبنی ایک اشتہار شائع کیا گیا تھا۔ اس اشتہار میں ’کوخاف یعقوب‘ کالونی میں مکانات کا اعلان کیا گیا تھا۔
ادھر فلسطینی عوامی حلقوں کی طرف سے بھی القدس اخبار میں صہیونی آباد کاری کی ترویج میں اشتہار کی اشاعت کی شدید Â مذمت کرتے ہوئے اس کی مکمل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔