فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’اسیران میڈیا سینٹر‘ کے ڈائریکٹر عبدالرحمان شدید نے بتایا کہ غزہ کی پٹی سے FM92.9 پر کل سترہ اپریل کو خصوصی نشریات جاری رہیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال ’یوم اسیران‘ کو ’اسیری کے ایک ملین سال‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ اس بار ریڈیو کے ذریعے طویل ترین نشریات پیش کرکے صہیونی زندانوں میں قید فلسطینیوں کو خراج تحسین پیش اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ ریڈیو نشریات کے ذریعے اسرائیلی عقوبت خانوں میں قید فلسطینیوں کو درپیش مشکلات، ان کے مسائل اور صہیونی انتظامیہ کی طرف سے قیدیوں کے حقوق کی پامالی کو اجاگر کیاجائے گا۔
عبدالرحمان شدید کا کہنا تھا کہ وہ 18 اپریل 2017ء بہ روز منگل صبح 10 بجے سے غزہ سے محمد ھنیہ اور فاطمہ القاضی نشریات کا آغازکریں گی۔ یہ نشریات مسلسل 65 گھنٹے بغیر کسی وقفے کے جاری رہیں گی۔ توقع ہے کہ یہ نشریات گینز بک کے لیے ایک نیا ریکارڈ ثابت ہوگا۔ دیگر علاقائی اور عرب ممالک کے ریڈیو چینل بھی فلسطینی اسیران کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے خصوصی نشریات پیش کریں گے۔
انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظٰیموں پر زور دیا کہ وہ فلسطینی اسیران کے دفاع اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے میں فلسطینیوں کا ساتھ دیں۔