(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی انتظامیہ کے وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں صیہونیت مخالف قرار داد منظور کرانے کی کوشش کرنے کی خبر دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے کہا کہ رواں ہفتے میں قاہرہ میں ایک اجلاس ہوگا جس کا مقصد فلسطینی زمینوں پرصیہونی کالونیوں کی تعمیر کے خلاف قرار داد کا متن تیار کرنا ہوگا۔ریاض المالکی نے صیہونی کالونیوں کی تعمیر کی توسیع کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ فلسطینی فریق، سلامتی کونسل کے ذریعے اس موضوع کا جائزہ لینے پر تاکید کرتا ہے اور دوسرے تمام عرب ممالک کے صلاح و مشورے سے اس اقدام کے لئے بہترین وقت کا انتخاب کرے گا۔
محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد منظور کرانے کے درپے ہے- محمود عباس نے امریکہ کی جانب سے اس قرارداد کو ویٹو نہ کئے جانے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کالونیوں کی تعمیر جاری رہنے اور اسلامی مقدس مقامات کے تئیں جارحیت پرخبردار کیا۔
