(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی پولیس نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں ایک کارروائی کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ بیت المقدس میں یہودی کالونیوں کے درمیان چلنے والی میٹرو ٹرین پر سنگ باری میں ملوث ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ بدھ کے روز شمالی بیت المقدس میں شعفاط قصبے سے گذرتے ہوئے اسرائیلی ٹرین پر سنگ باری کی گئی جس کے نتیجے میں ریل کار کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔ پولیس نے کارروائی کر کے پتھراؤ اور پٹرول بم پھینکنے والے فلسطینی لڑکوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی سخت سیکیورٹی کے باوجود فلسطینیوں کی جانب سے میٹرو ٹرین پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔حراست میں لیے گئے فلسطینی بچوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ انہیں تفتیش کےلیے شمالی بیت المقدس میں واقع ایک پولیس سینٹرل پہنچا دیا گیا ہے۔ اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ مغربی بیت المقدس میں القطمون کالونی میں یہودی آباد کاروں کی گاڑیوں پر بھی حملے کرکےان کی توڑپھوڑ کی گئی ہے۔ تاہم اس کارروائی میں کسی کے ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ملا ہے۔
