جنین – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر جنین کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی فوجیوں نے پیر کی صبح غرب اردن کے شہر جنین کے مغرب میں السیلہ، الحارثیہ، الیامون اور حیفا روڈ کے بعض علاقوں پر حملہ کیا اور گھر گھر تلاشی لی۔
صیہونی فوجیوں نے اسی طرح حیفا روڈ پر تجارتی علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے اس علاقے میں ایک چیک پوسٹ بھی قائم کی۔رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے مسجدالاقصی کے جنوب میں سلوان کے علاقے سے تین فلسطینیوں کو گرفتار بھی کر لیا۔
صیہونی فوجیوں نے اسی طرح غرب اردن کے شہر بیت اللحم کے علاقے کرکفہ میں ایک مکان پر حملہ کیا اور ایک فلسطینی نوجوان کو گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب صیہونی حکومت کی پارلیمنٹ کی داخلی کمیٹی نے ایک نسل پرستانہ اقدام کے تحت فلسطینی آبادی کے علاقوں میں فلسطینیوں کے مکانات مسمار کرنے سے متعلق اقدامات میں تیزی لانے کے لئے ایک قانون کی منظوری دی ہے۔ یہ قانون پانچ اپریل کو صیہونی حکومت کی پارلیمنٹ کے عام اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا اور منظوری کے چھے ماہ بعد اس پر عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔
اس قانون کے تحت فلسطینیوں کے مکانات اور عمارتوں کو مسمار کرنے کے علاوہ فلسطینیوں کی عمارتیں تعمیر کرنے والے آلات سمیت دیگر وسائل و زمین و جائداد کو بھی ضبط کر لیا جائے گا۔
اس قانون کا اطلاق، فلسطینیوں کے ان مکانات پر بھی ہو گا جو گذشتہ دو برسوں کے دوران تیار کئے گئے ہیں۔ صیہونی حکومت، صیہونی آباد کاری کے لئے غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے کے علاوہ مختلف بہانوں سے فلسطینیوں کو تعمیرات کی بھی اجازت نہیں دے رہی ہے اور ان کے مکانات اور عمارتوں کو تباہ کر رہی ہے۔
صیہونی حکومت نے دو ہزار سولہ سے صیہونی بستیوں کی تعمیر کے لئے فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضہ کرنےکا عمل تیز کر دیا ہے چنانچہ اس عمل میں گذشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کے دوران چار سو انتالیس فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔