فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عوامی سطح پر شہریوں کے شدید احتجاج کے بعد صدر عباس نے وزیراعظم الحمد اللہ کو ہدایت کی تھی کہ وہ غزہ کے قبل از وقت ریٹائر کردہ ملازمین کو بحال کردیں۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی’صفا‘ کے مطابق الخلیل شہر میں ایک سرکاری اسپتال کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتےہوئے وزیراعظم رامی الحمد اللہ نے کہا کہ صدر محمود عباس کی اجازت کے بعد ہم نے غزہ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کے ان تمام ملازمین کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہیں حال ہی میں قبل از وقت ریٹائر کردیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جبری ریٹائر کیے گئے تمام ملازمین ان کے عہدوں پر بحال کردیئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ فلسطینی اتھارٹی نے غزہ کی پٹیکے 6 ہزار ملازمین کو قبل از وقت ریٹائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان ملازمین کو فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے تنخواہیں ادا کی جاتی ہیں۔ مجموعی طور پر فلسطینی اتھارٹی غزہ کی پٹی کے 11 ہزار ملازمین کو تنخواہیں ادا کرتی ہے۔ جبری طور پر ریٹائر کیے گئے ملازمین میں 95 فی صد صحت اور تعلیم کے شعبے سے تعلق رکھتے ہیں۔