فلسطینی شہداء کی میتوں کی واپسی کے لیے قائم قومی کمیٹی کی میڈیا رابطہ کار فاطمہ عبداللہ نے بتایا ہے کہ ”اسرائیل نے اتوار کی رات مغربی کنارے کے شہر جنین کے نزدیک واقع گاؤں صلاۃ الظہر سے تعلق رکھنے والے مجدی خنفر کی میت حوالے کر دی ہے”۔ مجدی خنفر دس سال قبل شہید ہوئے تھے۔ فاطمہ عبداللہ نے مزید بتایا کہ اسرائیلی فوج دو اور فلسطینیوں کی میتیں منگل کو حوالے کرے گی اور وہ اسرائیلی عدالت کے فیصلے کے تحت کل چھتیس شہید فلسطینیوں کی میتیں ان کے خاندانوں کے حوالے کرے گی۔
فلسطینی شہداء کی میتوں کی واپسی اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی تیسرے مرحلے میں رہائی کے فوری بعد ہورہی ہے۔ان قیدیوں کو اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان جاری امن مذاکرات کے تحت رہا کیا گیا تھا۔ فلسطینیوں کی میتوں کی واپسی کا امن مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ انھیں فلسطینی خاندانوں کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر اسرائیلی عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے تحت واپس کیا جا رہا ہے۔