الخلیل – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت سیکیورٹی اداروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں بیت امر کے مقام پر ایک کارروائی کے دوران اسلامی جہاد کے رہنما کو گولیاں مار کر زخمی کیا جس کے بعد انہیں شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز عباس ملیشیا نے اسلامی جہاد کے سرکردہ رہنما وحید ابو ماریا کو گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں انہیں زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ عباس ملیشیا کے اہلکاروں نے پہلے ابو ماریا کو گولیاں ماریں، اس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب اسلامی جہاد نے اپنے رہنما پر فائرنگ اور انہیں حراست میں لینے کی شدید مذمت کی ہے۔ اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ وحید ابو ماریا کی گرفتاری عباس ملیشیا کی کھلم کھلا غنڈہ گردی ہے۔ اسلامی جہاد اس کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ابوماریا کی زندگی کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار عباس ملیشیا ہوگی۔
