رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں سرکاری سطح پر جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی میں صہیونی ریاست کی جانب سے فلسطین میں صہیونی آباد کاری کی غیرمسبوق مہم جاری ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دفاع اراضی و مزاحمت صہیونی آباد کاری دفتر کی طرف سے گذشتہ روز جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غرب اردن میں صہیونی توسیع پسندی اور آباد کاری کا طوفان ایک ایسے وقت میں جاری ہے جب علاقے پراسرائیل کے ناجائز قبضے کو 50 سال ہوچکے ہیں۔ صہیونی ریاست جشن کے طور پر فلسطین میں صہیونی آبادکاری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلسطین میں صہیونی آباد کاری پر عالمی برادری مجرمانہ غفلت کا شکار ہے۔ اسرائیلی ریاست پوری دنیا کو صہیونی آباد کاری جاری رکھنے کا چیلنج دیے ہوئے ہے۔ عالمی برادری کی طرف سے برتی جانے والی خاموشی قابض اسرائیل کو توسیع پسندی کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل میں اس وقت ایک ایسی استعماری اور توسیع پسندانہ عزائم رکھنے والے انتہا پسندوں کی حکومت قائم ہے جس کے تمام ارکان فلسطین کے چپے چپے پر یہودیوں کو بسانے کے نظریات پرعمل پیرا ہیں۔ اسرائیلی حکومت میں شامل تمام وزراء کا فلسطین میں صہیونی آباد کاری کے لیے مقابلہ ہے۔ گذشتہ 18 سال کے دوران غرب اردن میں صہیونی آباد کاری میں 100 فی صد اضافہ ہوچکا Â ہے۔
رپورٹ میں اسرائیلی حکومت کی طرف سے حال ہی میں 3178 نئے گھروں کی تعمیر کی منظوری کے نتائج پر خبردار کیا گیا ہے۔
یہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب غرب اردن پر صہیونی ریاست کے ناجائز قبضے کو 50 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ صہیونی ریاست سنہ 1967ء کی جنگ میں فلسطینی شہروں پرقبضے کو ’سلور جوبلی‘ کے طور پر منا رہا ہے۔