رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ کے قریب قائم کی گئی ایک نئی صیہونی کالونی ’عمیحائی‘ کے آباد کاروں اور انتظامیہ نے گندا پانی فلسطینی زرعی اراضی پرچھوڑ دیا جس کے نتیجے میں’ترمسعیا‘ قصبے میں وسیع علاقے میں فلسطینی فصلیں زیرآب آ کر تباہ ہو گئیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی آباد کاروں نے ایک بڑی سوریج لائن کا آلودہ اور گندہ پانی فلسطینی فصلوں پرچھوڑ دیا جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کے زیرکاشت وسیع رقبے پر فصلیں تباہ ہوگئیں۔رپورٹ کے مطابق ’عمیحائی‘ صیہونی بستی حال ہی میں تعمیر کی گئی ہے جس میں 40 صیہونی خاندان آباد ہیں۔ یہ کالونی اسرائیلی مشیر قانون اوی حائی منڈلبلیٹ کے حکم پر فلسطینی اراضی غصب کرنے کے بعد تعمیر کی گئی ہے۔ کالونی میں ضم کیا گیا زیادہ تر رقبہ فلسطینیوں کی نجی اراضی سے لیا گیا ہے۔
ایک مقامی فلسطینی کاشت کار نے بتایا کہ اسرائیلی آباد کاروں نے ایک سازش کے تحت سوریج کا گندا پانی ان کے کھیتوں پر چھوڑ دیا جس کے نتیجے میں وسیع علاقے پر سبزیوں اور فصلوں کے کھیتوں میں موجود فصلات کو نقصان پہنچا ہے۔