الخلیل (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں ایک فلسطینی شہری کے گھرپر دھاوا بول کر گھر میں موجود تمام افراد کو ایک کمرے میں بند کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اتوار کو علی الصباح اسرائیلی فوج کے ایک مسلح گروپ نے الخلیل شہر میں شہداء روڈ پر واقع ایک فلسطینی شہری کے گھر کا محاصرہ کیا۔ پھرگھر کا گیٹ اوردیواریں پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے آل زاھدہ خاندان کے گھر میں گھس کر اہل خانہ کو ایک کمرے میں بند کردیا۔ گھر میں موجود افراد کو باہرنکلنے کی کوشش پر گولی مارنے کی دھمکی دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے گھر سے کسی شخص کے باہر آنے یا باہر سے اندر آنے پر پابندی عائد کردی۔ اسرائیلی فوج کی اس وحشیانہ کارروائی سے شہری خوف زدہ ہوگئے۔