نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مظلوم فلسطینیوں کے خلاف قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے مسجد الاقصی میں نمازیوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 50 فلسطینی من جملہ مسجد الاقصی کے خطیب شیخ عکرمہ صبری اورفلسطین کی قومی جدت عمل کے سیکریٹری جنرل مصطفی برغوثی زخمی ہوگئے ہیں۔واضح رہے کہ قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے فوجیوں نے جمعہ کے روز مسجد الاقصی میں 3 فلسطینیوں کو شہید کر دیا تھا۔
ادھر اسلامی تحریک مزاحمت’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے ٹیلیفون کرکے الشیخ عکرمہ صبری کی خیریت دریافت کی۔ الشیخ صبری اسپتال داخل ہیں، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حرم قدسی اور مسجد اقصیٰ میں داخلے پر عاید کردہ اسرائیلی پابندیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے دھاتی گولیوں اور صوتی بموں سے حملہ کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مسجد اقصیٰ کے اطراف میں سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ کسی بھی ہنگامی حالت سےنمٹنے کے لیے اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
اس جارحیت اور غیر انسانی اقدام کے بعد صیہونی فوجیوں نے صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے کہنے پر مسجد الاقصی کے دروازے عوام اور نمازیوں پر بند کر دیئے اور نماز جمعہ کی ادائیگی میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔
