مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) گزشتہ سال کے دوران فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر میں چالیس فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے محکمہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سن دو ہزار سولہ کے دوران غرب اردن میں چھے سو تیس رہائشی مکانات تعمیر کیے گئے جس میں سن دو ہزار پندرہ کے مقابلے میں چالیس فی صد اضافے کی نشاندہی ہوتی ہے۔یہ اعداد و شمار ایسے وقت میں جاری کیے گئے ہیں کہ جب ایک روز قبل صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے نئی صیہونی بستیوں کی تعمیر کا وعدہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت، فلسطینی علاقوں میں تعمیراتی کام روکنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔
اسرائیل نے سن دو ہزار سولہ سے صیہونی بستیوں کی تعمیر کی غرض سے فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے برسراقتدار آنے بعد سے صیہونی حکومت نے فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کے نئے منصوبوں کی منظوری دی ہے۔