نابلس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی شرپسندوں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں بیت فوریک کے مقام پر زیتون کے پھل دار پودوں کے ایک فارم میں آگ لگا دی جس کے نتیجے میں باغ میں موجود تمام پودے جل کر خاکستر ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا کہ ’ایتمار‘ صیہونی کالونی سے آئے صیہونی آباد کاروں کے گروپ کو اسرائیلی فوج اور پولیس کی طرف سے فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔ انہوں نے جبل الشراریہ میں واقع فلسطینی شہری کا زیتون کا باغ آگ لگا کر تباہ کردیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی آباد کاروں نے باغ میں تین مقامات پر آگ لگائی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے باغ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور باغ میں موجود تمام پودے جل کر خاکستر ہوگئے۔