(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) تل ابیب میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی فوجیوں نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تل ابیب میں چار فلسطینی نوجوانوں پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا۔ صیہونیوں کے حملے میں شدید زخمی ہونے والا ایک فلسطینی نوجوان بعد ازاں اسپتال میں شہید ہوگیا۔ صیہونی فوجی سنہ دوہزار سے اب تک مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں رہنے والے پچاس سے زائد عرب شہریوں کو فائرنگ کرکے شہید کرچکے ہیں۔ اسرائیلی فوجی محض اس شک کی بنا پر فلسطینیوں پر فائرنگ کردیتے ہیں کہ وہ ان پر حملہ کرنا چاہتے ہیں۔مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 سالہ عرب شہری کو سڑک پر چلتے ہوئے بے گناہ گولیاں ماری گئیں۔ فائرنگ کے واقعے کے وقت فلسطینی نوجوان کے ہمراہ تین اور افراد بھی سڑک پر چل رہے تھے۔ شہید فلسطینی نوجوان کا تعلق شمال مغربی بیت المقدس کے الرملہ قصبے کی الجواریش کالونی سے ہے۔
اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان کا کہنا نے کہ پولیس نے فائرنگ کے واقعے میں فلسطینی نوجوان کی موت کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ صیہونی فوجیوں نے نابلس شہر پر حملہ کرکے کم سے کم چار فلسطینیوں کو زخمی جبکہ چار دیگر کو اغوا کرلیا ہے۔
صیہونی فوجیوں نے غزہ کے ساحلوں سے کم سے کم سات فلسطینی ماہی گیروں کو بھی اغوا کرلیا ہے۔درایں اثنا صیہونی آباد کاروں کے ایک گروہ نے، جسے اسرائیلی فوجیوں کی حمایت حاصل تھی، باب المغاربہ کے راستے مسجدالاقصی پر حملہ کیا ہے۔