مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں جبل مکبر اور ام طوبا سے پانچ فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کلب برائے اسیران کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فورسز نے تلاشی کی کارروائیوں میں بیت المقدس سے پانچ فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقامات پر منتقل کیا ہے۔ ان کی شناخت مالک ابو طیر، محمد ابو طیر، مصطفیٰ ابو طیر، محمد القنبر اور عبداللہ شقیرات کے ناموں سے کی گئی ہے۔ادھر اسرائیلی حکام نے بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے فلسطینی شہری احمد جواد ابو عابد اور محمد جودہ کی حراست میں 21 فروری تک کی توسیع کی ہے جب کہ صہیب عفانہ کی مدت حراست میں 15 مارچ تک کی توسیع کی گئی ہے۔
اسرائیلی پولیس نے بیت المقدس کے شہریوں طلال عبدالمجید الرجبی کو 15 اور اکاون سالہ ذیاب ابو صبح کو مسجد اقصیٰ سے 15 دن کے لیے بے دخل کردیا ہے۔