فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج کی بڑی تعداد نے منگل کے روز القزاوین بازار میں داخل ہو کر وہاں پر موجود فلسطینی شہریوں کی دکانیں زبردستی بند کرادیں۔
الخلیل کے وسط میں موجود بازار میں قائم فلسطینیوں کے تمام ریستوران، کیفے، جنرل اسٹور اور چھوٹی دکانیں بند کرادیں اس کے بعد یہودی آباد کاروں کو بازار میں کھلے عام گھومنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ اس بازار کے گرد وپیش میں بیت ھداسا، بیت رومانو اور تل ارمیدہ کالونی کے علاوہ عتصیون اور افرات کالونیاں قائم ہیں جن کے سیکڑوں یہودی آباد کار آئے روز القزاوین بازار میں گھس کر مقامی فلسطینی شہریوں کو زدو کوب کرتے ہیں اور صہیونی پولیس ان کی معاونت کرتی اور فلسطینیوں سے بازار بند کرا دیتی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوجیوں نے بازار بند کرانے کے لیے فلسطینی شہریوں پر آنسوگیس کی شیلنگ بھی کی جس کے نتیجے میں 17 سالہ محمد سلیم النتشہ اور 19 سالہ خلوی البطش شدید زخمی ہوگئے۔