(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے گذشتہ ایک ماہ سے بلا جواز حراست کےخلاف بھوک ہڑتال کرنے والے دو فلسطینی سگے بھائیوں محمد اور محمود البلبول کو چھ چھ ماہ کے لیے انتظامی حراست کی سزا کا حکم دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی محکمہ امور اسیران کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ کل اتور کو اسرائیل کی ‘عوفر’ فوجی عدالت نے دونوں فلسطینی اسیربھائیوں کو چھ چھ ماہ انتظامی حراست کی سزا کا حکم دیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی اسیران کی جانب سے انتظامی حراست روکے جانے کے حق میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی، تاہم اسرائیلی عدالت نے اسیران کی درخواست مسترد کرتے ہوئے فوجی پراسیکیوٹر کی ہدایت پر محمد البلبول اور محمود البلبول کو چھ چھ ماہ قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔
خیال رہے کہ دونوں اسیران اسرائیل کی ‘عوفر’ جیل میں پابند سلاسل ہیں۔ انہوں نے اپنی بلا جواز حراست کے خلاف گذشتہ 36 دن سے مسلسل بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔