فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں اور مقامی فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ بدھ کو صہیونی آباد کاروں نے نابلس میں فلسطینی شہریوں Â کے زیتون کے ایک باغ میں گھس کر آریوں کی مدد سے زیتون کے پھل دار درخت کاٹ ڈالے۔
نابلس میں صہیونی آباد کاری کے خلاف سرگرم قومی کمیٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ صہیونی آباد کاروں نے بورین کے مقام پر رتیبہ قادوس نامی ایک خاتون کے باغ میں زیتون کے کم سے کم 27پھل دار درخت کاٹ کر ریزہ ریزہ کردیے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صہیونی شرپسند قریب ہی واقع ’یتسھار‘ کالونی سے وہاں آئے تھے۔ خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب صہیونی آباد کاروں نے غرب اردن میں کسی فلسطینی شہری کے زیتون کے باغ پرحملہ کیا ہے۔ اس طرح کی شرپسندانہ کارروائیاں صہیونی اشرار کا روز کا معمول ہے۔ فلسطینیوں کی جان و مال اور املاک پرحملوں میں انہیں اسرائیلی فوج اور پولیس کی مکمل سرپرستی حاصل رہتی ہے۔
