سلفیت (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر سلفیت میں صیہونی آباد کاروں کی طرف سے فلسطینی آبادی میں چھوڑے گئے جنگلی خنزیروں کو ختم کرنے کی مہم شروع کی ہے۔ سلفیت بلدیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ پولیس فورس کو جنگلی خنزیروں کے خلاف کارروائی کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سلفیت بلدیہ نے مقامی شہریوں سے کہا ہے کہ خنزیروں کے خلاف کارروائی کے دوران وہ اپنے کھیتوں میں احتیاط سے کام کریں کیونکہ پولیس نے انہیں گولی مار کر ہلاک کرنے کی مہم شروع کی ہے۔فلسطینی بلدیہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی آباد کاروں کی طرف سے فلسطینی کالونیوں میں چھوڑے گئے خنزیر فلسطینی فصلوں اور پھلوں کوتباہ کرنے کے ساتھ فلسطینی شہریوں کی زندگی کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ پولیس نے خنزیروں کو دیکھتے ہی گولی مار کر ہلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس کی ایک ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔
مقامی فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ جنگلی خنزیروں کے ریوڑ ان کی فصلوں میں گھس جاتے ہیں جس کے نتیجے میں فصلیں تباہ اور برباد ہوجاتی ہیں۔ یہ سلسلہ آئے روز کا معمول بنا ہوا ہے۔