(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) انتفاضہ و قدس کمیٹی کے سربراہ رمضان شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو غیراہم بنانے کی سعودی صیہونی سازش کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عالمی یوم القدس کے پروگراموں کو حتمی شکل دینے کی غرض سے انتفاضہ و قدس کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رمضان شریف کا کہنا تھا کہ اسلام اور فلسطینی عوام کے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے میں عالمی یوم القدس اہم کردار ادا کر رہا ہے۔رمضان شریف نے کہا کہ عالم اسلام، سعودی صیہونی اتحاد کو اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دے گا کہ وہ مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کی ترجیحات سے نکال سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اسرائیل کے خلاف جدوجہد کا دعوی کرنے والے ممالک کی پالیسیاں بدل گئی ہیں اور وہ کھل کر صہیونی حکومت کی حمایت کر رہے ہیں۔ انتفاضہ و قدس کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ ایسے ممالک کو عنقریب مسلم امہ کی جانب سے مواخذے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
رمضان شریف نے یہ بات زور دے کر کہی کہ دنیا میں اسلامی جمہوریہ ایران ایک ایسا ملک ہے جو صیہونی حکومت کے مقابلے میں، فلسطینی عوام کی کھل کر حمایت کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی رائے عامہ کی توجہ عنقریب، مسلمانوں کے قبلہ اوّل بیت المقدس اور مسئلہ فلسطین پر مرکوز ہو جائے گی۔
رمضان شریف نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف اسلامی مزاحمت میں روز بروز اضافہ ہو گا اور یہ تحریک اسرائیل کی جلاد صفت، ناجائز اور غاصب حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی۔