(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )صہیونی جیل میں قید فلسطینی قیدی نے اسرائیلی حکام کی یقین دہانی کے بعد اپنی انتظامی حراست کے خلاف بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی اسیر جعفر عزالدین جو کہ اسرائیلی جیل میں انتظامی قید جیسے کالے قانون کے تحت اسیری کی زندگی گزار رہے ہیں اور اسرائیل حکام کے نارروا رویئے اور انتظامی حراست کے خلاف بھوک ہڑتال پر ہیں نے اسرائیلی حکام کی جانب سے انکو رہا کردینے کی یقین دہانی کے بعد بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صہیونی حکام کی طرف سےاسیر جعفر عزالدین کو یقین دلایا گیاہے کہ آئندہ ہفتے اسےرہا کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 48 سالہ جعفر عزالدین کا تعلق غرب اردن کے شمالی شہر جنین سے ہے۔ وہ مسلسل 39 دن تک بھوک ہڑتال پر ہیں۔
انہیں 16 جون 2019ء کو رہا کیا جانا تھا مگر صہیونی حکام نے اس کی حراست میں مزید تین ماہ کی توسیع کی سفارش کی جس کے بعد اس نےبہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کردی تھی۔