غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مصری حکام نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ ’رفح‘ کو دو طرفہ آمد و رفت کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گذرگاہ کو عارضی طور پرآج ہفتے سے کھولا جائے گا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ وزارت داخلہ و نیشنل سیکیورٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مصری حکام نے جمعرات کی شام اطلاع دی تھی کہ ہفتہ، اتوار اور سوموار کے ایام میں رفح گذرگاہ کو دو طرفہ آمد ورفت کے لیے کھولا جائے گا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جن شہریوں کو بیرون ملک سفر کی اجازت دی جائے گی ان کی تفصیلات وزارت داخلہ کی ویب سائیٹ پر شائع کی جائیں گی۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں بیرون ملک سفر کے لیے 30 ہزار شہریوں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔
دو ہفتے قبل مصری حکام نے 28جنوری کو ایک ہفتے کے لیے رفح گذرگاہ کو40 روزہ وقفے کے بعد کھولا گیا تھا۔