الخلیل – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج کے انٹیلی جنس حکام نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کے رہائشی ایک فلسطینی شہری کو خود کو حکام کے حوالے کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جہاد حسین ارشید کو نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں انہیں فوری طور پر خود کو حکام کے حوالے کرنے یا سیکیورٹی مرکز میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ حسین ارشید کے دو بیٹے عدی اور دانیا ارشید صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔حسین ارشید کے اہل خانہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے گذشتہ روز ان کے گھر پرچھاپہ مارا اور گھر میں تلاشی کی آڑ میں توڑپھوڑ کی۔ اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے کہا گیا کہ وہ حسین ارشید کی گرفتاری کے لیے آئے ہیں۔ ان کے گھر پرموجود نہ ہونے کے باعث انہیں حراست میں نہیں لیا گیا۔ صہیونی فوجیوں نے حسین ارشید کے نام ایک نوٹس چھوڑا جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ نوٹس ملتے ہی خودع کو عتصیون نامی انٹیلی جنس سیٹر میں پیش کردیں۔
خیال رہے کہ جہاد ارشید کے دو بیٹے اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں دو سال قبل شہید ہوگئے تھے۔ دانیا ارشید کو اسرائیلی فوج نے 27جنوری 2015ء کو پرانے بیت المقدس میں کانتینر چوکی کے قریب گولیاں مار کر شہید کیا تھا جب کہ اس کےبھائی عدی ارشید کو الخلیل میں راس الجورہ کے مقام پر 11 دسمبر 2015ء کو شہید کردیا تھا۔