خالد مشعل کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران فلسطینی، عرب اور مصری قیادت کی ملاقاتوں میں فلسطینی مصالحت کے عمل کو مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح مصالحت کی کوشش ناکامی سے دوچار نہیں ہو گی کیونکہ موجودہ وقت اس کام کے لئے انتہائی سازگار ہے۔ خاص طور پر غزہ پر گزشتہ برس اسرائیلی حملے کے بعد مصر اور دوسرے عرب ملکوں کا کردار فلسطینی تنظمیوں کو اپنی صفوں میں اتحاد اور مصالحت کے فروغ کے لئے مہیمز کا کام کر رہا ہے۔
ڈاکٹر نبیل العربی نے اپنی تنظیم کی جانب سے فلسطینی مصالحت میں مکمل تعاون اور سرگرمی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ عرب لیگ اس مصالحت کی پرزور حامی ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ فلسطینیوں کے اتحاد سے ان کے کاز کو داخلی اور بین الاقوامی محاذ پر عوامی مقبولیت حاصل ہو گی۔
ادھر خالد مشعل نے یو این اور عرب لیگ کے مشترکہ مندوب برائے شام الاخضر الابراہیمی کو ٹیلیفون کیا۔ باخبر فلسطینی ذرائع نے ترک خبر رساں ایجنسی ‘اناطولیہ’ کو بتایا کہ خالد مشعل عالمی مندوب سے شام میں فلسطینی پناہ گزینوں کے تحفظ پر زور دیا ہے۔