جنین – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) ایک برطانوی تنظیم نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں سنہ 1967ء سے قبل برطانوی دور کی بچھائی گئی بارودی سرنگوں کی تلاش اور ان کی تلفی کی مہم شروع کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم ’ہیلو ٹرسٹ‘ نے غرب اردن کے شمالی شہر جنین کے مشرقی قصبے دیر بو ضعیف سے بارودی سرنگوں کی صفائی مہم کا آغاز اتوار کے روز کیا تھا۔تنظیم کے رضاکار ماہرین دیر ابوضعیف کے 22.5 دونم رقبے پر پھیلی بارودی سرنگوں کو تلاش کرکے انہیں تلف کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق جنین شہر کے نواحی علاقے میں برطانوی دور کی بچھائی گئی بارودی سرنگیں فلسطینی آبادی کے لیے انتہائی تباہ کن ثابت ہوئی ہیں جن کے نتیجے میں فلسطینی شہریوں کا بے پناہ جانی نقصان ہوا ہے۔
خیال رہے کہ جنین شہر سمیت فلسطین کے کئی شہروں میں برطانوی استبداد کے دور میں بارودی سرنگیں بچھائی گئی تھی۔ اس کے بعد اسرائیلی فوج بھی وادی اردن اور جزیرہ نما النقب کے علاقوں میں بارودی سرنگیں بچھاتی رہی ہے جو فلسطینی آبادی کے لیے تباہ کن ثابت ہوئی ہیں۔
