مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے جنوب میں واقع جزیرہ نما النقب میں ایک فدائی حملے میں ایک اسرائیلی فوجی کو ہلاک کردیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل ’سات‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایک اسرائیلی فوجی اہلکار کو شدید زخمی حالت میں بئر سبع شہر میں قائم سوروکا اسپتال منتقل کیا گیا جہاں کچھ دیر بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گیا۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی اہلکار کو فوجی کیمپ کے باہر اس وقت چاقو سے حملے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہا تھا۔
عبرانی میڈیا کے مطابق پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اتبدائی تحقیقات میں پولیس نے اسے ایک فدائی حملے کا نتیجہ قرار دیا ہے تاہم کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
پولیس نے دو مشتبہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں بھاری نفری تعینات کی ہے۔
