رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی جیل میں موجود فلسطینی لڑکی عہد تمیمی کے والد کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلی مرتبہ اپنی بیٹی اور بیوی سے ملاقات کی ہے۔ عہد اور اس کی والدہ کو دسمبر 2017ء میں اسرائیلی فوج نے گرفتار کر لیا تھا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی شہری باسم تمیمی نے بتایا کہ انہوں نے منگل کے روز ملاقات کے دوران شیشے کی دوسری جانب بیٹھی ہوئی اپنی بیوی اور بیٹی سے 45 منٹ تک بذریعہ فون بات چیت کی۔باسم نے بتایا کہ دونوں ماں بیٹی کا مورال بہت بلند ہے۔ سترہ سالہ عہد کے والد کے مطابق ان کی بیٹی اپنی درسی کتابوں کے مطالعے اور انگریزی کی تعلیم حاصل کرنے میں وقت گزارتی ہے۔
عہد تمیمی کو ایک وڈیو کلپ کے گردش میں آنے کے بعد گرفتار کیا گیا جس میں وہ مغربی کنارے میں اپنے گھر کے سامنے موجود دو اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ اور لات رسید کرتے ہوئے نظر آئی۔ اس وڈیو کو بین الاقوامی سطح پر بڑی توجہ اور پذیرائی حاصل ہوئی۔
