اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے شہر بدرکیے گئے فلسطینی رکن قانون ساز کونسل احمد عطون کا کہنا ہے کہ ان کی بیت المقدس کی طرف واپسی پتھر پر لکیر ہے دنیا کی کوئی طاقت انہیں بیت المقدس میں داخلے سے کوئی نہیں روک سکتی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی رکن قانون ساز کونسل احمد عطون نے ان خیالات کا اظہار رام اللہ میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ عرب ممالک میں جاری انقلاب کی تحریک نے خطے کا نقشہ تبدیل کردیا ہے، تبدیلی کی یہ لہر جلد فلسطین میں بھی داخل ہوگی۔ ایک سال قبل خطے کی صورت حال آج کے حالات سے یکسر مختلف تھی۔ اب اسرائیل کے لیے خطے میں اپنی ہٹ دھرمی جاری رکھنا مشکل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں احمد عطون کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی آنکھوں سے صہیونیوں کو لرزتا ہوا دیکھا ہے۔ اسرائیل کی قسمت میں زوال لکھا جا چکا ہے جو کہ اب شروع ہوچکا ہے۔
احمد عطون کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک سال تک مقبوضہ بیت المقدس میں اپنی شہر بدری کے صہیونی نوٹس کےخلاف ایک سال تک احتجاجی کیمپ لگائے رکھا، اس دوران ہم نے صہیونی حکومت کی طاقت کو پوری قوت سے للکارا، ہم آج بھی مقبوضہ بیت المقدس کی طرف واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔ بیت المقدس میں ہماری جنگ اور ہماری تحریک جس طرح دس سال قبل تھی اسی شدت کے ساتھ آج بھی جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گی
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین