بیت لحم – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوج کی جانب سے داغا گیا آنسوگیس کا ایک شیل اسکول کے احاطے میں جا گرا جس کے نتیجے میں ایک 7 سالہ فلسطینی بچہ شدید زخمی ہوا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں الخضر کے مقام پر فلسطین مظاہرین کے خلاف آنسوگیس کی اندھا دھند شیلنگ کی۔ اس دوران متعدد شیل ایک اسکول کے احاطے میں جا گرے جس کے نتیجے میں سات سالہ بچہ حسن احمد عیسیٰ شدید زخمی ہوگیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آنسوگیس کا شیل حسن احمد عیسیٰ کے سرمیں لگا جس کے نتیجے اس کا سر اور چہرہ بری طرح جھلس گیا ہے۔
زخمی بچے کو ایک مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ Â بچے کے آنسوگیس شیل سے زخمی ہونے کے بعد اسکولوں کے طلباء احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ صہیونی فوج نے الخضر قصبے میں احتجاج کرنے والے اسکولوں کے طلباء پر بھی آنسوگیس کی شیلنگ کی اور ان پر لاٹھی چارج کیا۔
فلسطینی ہلال احمر کا مزید کہنا ہے کہ آنسوگیس شیل فلسطینی بچے کے سر کے عقبی حصے پر لگا ہے جس کے نتیجے میں دماغ پر گہری چوٹ لگی ہے۔ آخری اطلاعات تک بچہ مسلسل بے ہوش تھا۔
