مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق ’اوچا‘ نے خبردار کیا ہے کہ اگر فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت کے ذمہ دارادارے ’اونروا‘ کی مالی امداد بند کی گئی تو اس کے بھیانک نتائج سامنے آئیں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں قائم ’یو این‘ انسانی حقوق مرکز نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے ’اونروا‘ کی امداد بند کیے جانے کے بعد یورپی یونین کی طرف سے جتنی امداد کا اعلان کیا گیا ہے اس سے ’اونروا‘ کی مالی ضرورت پوری نہیں ہوتی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری، امریکا اورÂ یورپ کو ’اونروا‘ کی غیر مشروط امداد جاری رکھنا ہوگی۔ اگر یہ امداد بند ہوتی ہے تو اس کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔جمعہ کو امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ نے بتایا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ’اونروا‘ کی ساری امداد بند کرنا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل امریکی جریدے ’فارن پالیسی‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ صدر ٹرمپ اونروا کی مالی امداد بند کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ اس پرعمل درآمد کا اعلان کرنا باقی ہے۔