رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن نے کانگریس کی خارجہ کمیٹی کے سامنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی پیش آئند ایام میں اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے اہل خانہ کی کفالت کا سلسلہ مکمل طور پربند کرنے کی تیاری کررہی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 10 نے اپنی رپورٹ میں ریکس ٹیلرسن کا بیان نقل کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے اسیران کے معاملے میں اپنی پالیسی تبدیل کرلی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ وہ بہت جلد تمام اسیران اور ان کے اہل خانہ کی کفالت کے لیے فراہم کی جانے والی رقوم بند کردے گی۔ امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے بھی رام اللہ اتھارٹی کو بتا دیا گیا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے اہل خانہ کی امداد ہم کسی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے تین سو کے قریب سابق فلسطینی اسیران کو دی جانے والی مالی مرعات ختم کردی تھیں جس پر فلسطینی اسیران کے اہل خانہ کی طرف سے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے شہید فلسطینی مازن فقہاء کے اہل خانہ کو دی جانے والی امداد بھی روک دی ہے۔