قابض اسرائیلی فوجیوں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کےوسطی شہر رام اللہ میں "القدس” نیوز ٹیلی ویژن کی نامہ نگار لیندا شلش کے گھر پر چھاپہ مار کر گھر میں موجود قیمتی اشیاء کی توڑپھوڑ کی اور صحافیہ کے اہل خانہ کو زدو کوب کیا۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے جمعرات کو علی الصباح رام اللہ کےمغرب میں شقیا کے مقام پر لیندا شلش کے گھر پر چھاپہ مارا اور گھر کی جامہ تلاشی لی۔ صہیونی میڈیا کے مطابق اسرائیلی ملٹری پولیس کی کارروائی سے قبل شقیا میں یہودی آباد کاروں کی ایک کار پر نامعلوم افراد نے سنگ باری کی تھی جس کے نتیجے میں کار کو نقصان پہنچا تھا۔ذرائع کے مطابق جمعرات کو علی الصباح شقبا کالونی سے متصل رنتیس قصبے میں یہودی کالونیوں کو باہم ملانے والی ایک شاہراہ پر ایک اسرائیلی کی گاڑی پر پتھراو کیا گیا۔ سنگ باری کرنے والے نقاب پوش نوجوان بعد ازاں فرار ہو گئے تھے۔
مقامی دیہی کونسل کے سیکرٹری سامی ثابت نے بتایا کہ رنتیس اور شقبا کالونیوں میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران صہیونی فوجیوں نے القدس ٹی وی کی نامہ نگار لیندا شلش کے گھر پر بھی دھاوا بول دیا اور اس کے گھرمیں قیمتی سامان کی توڑ پھوڑ کے ساتھ خواتین اور بچوں کو زد و کوب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشن سے قبل اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے دونوں کالونیوں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو ناکے لگا کرہرقسم کی آمد ورفت کے لیے بند کر دیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین