مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے آج بدھ کو مقبوضہ بیت المقدس کو قابض صیہونی ریاست کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے متوقع اعلان پر فلسطین بھر میں اسرائیلی فوج نے امن وامان کے قیام کی آڑ میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ریاست کے شہروں، مقبوضہ بیت المقدس، مغربی کنارے شمالی اور جنوبی فلسطین، غزہ کی پٹی کی سرحد اور دیگر مقامات پر اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ پولیس کے علاوہ اسرائیلی ریاست میں نجی سیکیورٹی کمپنیوں کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق بیت المقدس اور غرب اردن کے علاقے فوجی چھاؤنیوں میں تبدیل کردیے گئے ہیں۔ فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے شہروں، شاہراؤں اور صیہونی کالونیوں کے اطراف کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ فلسطینیوں کے کھلے عام گھروں سے نکلنے پر پابندی ہے۔
نامہ نگاروں کے مطابق بدھ کو علی الصبح ہی سے اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہروں میں تلاشی اور تشدد کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔
ادھر دوسری جانب اسرائیلی فوج کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کے باوجود فلسطینی تنظیموں نے آج بدھ کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کی کال دے رکھی ہے۔
اسرائیلی ٹی وی چینل 2کے مطابق فوجی کمان نے تمام یونٹوں کو ہائی الرٹ کردیا ہے اور کسی بھی نا خوش گوار حالت سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ادھر دوسری طرف امریکا نے اپنے شہریوں کو فلسطینی علاقوں میں جانے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ نے اپنے ملازمین اور دیگر شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غرب اردن اور بیت المقدس میں نہ جائیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے القدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے متوقع اعلان پر فلسطین میں امریکیوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہوسکتےہیں۔