الخلیل – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ صہیونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی نوجوان نے اپنی گاڑی تین صہیونی آباد کاروں پر چڑھا دی تھی جس کے نتیجے میں وہ تینوں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ جائے وقوعہ کے قریب موجود اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی نوجوان کو فدائی حملہ آور قرار دے کر گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فلسطینی حملہ آور کی کارروائی میں زخمی ہونے والوں میں دو فوجی شامل ہیں۔ جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ صہیونی فوج کے مطابق یہ واقعہ منگل کی شام غرب اردن کے شہر الخلیل میں واقع کریات اربع کالونی میں پیش آیا۔
دراین اثناء فلسطینی محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں شہید فلسطینی نوجوان کی شناخت رافت حرباوی کے نام سے کی گئی ہے۔
