رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ کے ادارہ اسکوا کی سربراہ کی جانب سے احتجاج کے طور پر مستعفی ہو جانے کے اقدام کی فلسطینی انتظامیہ نے تعریف کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ ای ایس سی ڈبلیو اے یا اسکوا سے موسوم مغربی ایشیا کے لئے اقوام متحدہ کے سماجی و اقتصادی کمیشن کی سربراہ ریما خلف، اپنی ویب سائٹ سے صیہونی حکومت کے خلاف تیار کی جانے والی رپورٹ ہٹانے کے لئے صیہونیوں کے دباؤ اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی اپیل پر جمعے کے روز اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئیں۔فلسطین کی خودمختار انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے ریما خلف کے اس اقدام کو شجاعت و بہادری کا مظہر قرار دیتے ہوئے انھیں فلسطین کا اہم ترین ایوارڈ عطا کیا ہے۔ محمود عباس نے کہا ہے کہ ریما خلف کا موقف، ان کی انسانیت اور حقیقی اقدار کا ترجمان ہے جو اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتی ہیں اور وہ اس بات پر راضی نہیں ہوئیں کہ ایک ایسے عہدے پر باقی رہیں کہ جہاں انھیں بین الاقوامی قوانین کے مطابق عمل کرنے کی آزادی نہیں ہے۔
اسکوا کی سربراہ نے اپنے ادارے کی تیار کردہ رپورٹ میں صیہونی حکومت کو نسل پرست حکومت قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے کسی بھی ادارے کی جانب سے پہلی بار صیہونی حکومت کو نسل پرست اور اپارتھائیڈ نظام کا حامل قراردیا گیاہے