مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ریاست کے ظلم وتشدد اور جبر کے دیگر حربوں میں فلسطینیوں کو انہی کے ہاتھوں بنے بنائے گھر مسمار کرنے پر مجبور کیا جانا بھی ہے۔ گذشتہ روز قابض صیہونی حکام نے ریاستی جبر کی بدترین مثال قائم کرتے ہوئے بیت المقدس میں ایک فلسطینی سے اس کا مکان اسی کے ہاتھوں مسمار کرادیا۔Â
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی فوج اور دیگر حکام کی بڑی تعداد نے القدس میں الوجہ کے مقام پر احمد ابو التین کے گھر کا محاصرہ کیا۔ اہل خانہ کو بندوق کی نوک پرگھر سے باہر نکالا اور اس کے بعد گھر کے مالک کو خود مکان مسمار کرنے پر مجبور کردیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی بلدیہ کے حکام کے ہمراہ آنے والے فوجیوں نے احمد ابو التین سے کہا کہ اس نے مکان اسرائیلی حکام کی اجازت کے بغیر تعمیر کر رکھا ہے۔
دوسری جانب مقامی فلسطینی قیادت اور عوامی حلقوں نے مکان کی جبرا مسماری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔