فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے چینل سیون کی حالیہ رپورٹ کے مطابق صہیونی حکومت نے اتوار کے روزغرب اردن کے علاقے نابلس میں ایک نئی صہیونی بستی کی تعمیر کے لئے 60 ملین شیکل مختص کئے ہیں۔ یہ رقم دنیا کی نظروں میں دھول جھونکنے کے لئے حال ہی میں خالی کی جانے والی "عمونة” نامی صہیونی بستی کی جگہ "عميحاي” کے نام ایک متبادل صہیونی بستی کی تعمیر کے لئے مختص کی گئی ہے۔
اسرائیلی کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس نے اس فیصلے کی منظوری دی جس میں "عميحاي” نامی متبادل صہیونی بستی سمیت عوفرا نامی صہیونی بستی میں بھی 09 نئے گھروں کی تعمیر کی جائے گی۔
چینل سیون کے مطابق اسرائیل "عمونة” صہیونی بستی ختم کئے جانے پر ہوٹلوں میں ٹہرائے جانے والے صہیونیوں کے قیام وطعام کا بل بھی سرکاری خزانے سے ادا کرے گا۔ اس مقصد کے لئے متعدد ہوٹلوں کی انتظامیہ نے پانچ ملین شیکل کا بل تیار کر رکھا ہے۔ نئی صہیونی بستی مغربی کنارے میں پہلے سے قائم شیلو صہیونی بستی کے پہلو میں بسائی جا رہی ہے۔
یاد رہے اسرائیل نے اسی سال فروری کے مہینے میں رام اللہ کے شمال مشرقی فلسطینی علاقے میں بنائی "عمونة” صہیونی بستی کو اسرائیلی سپریم کورٹ کے حکم کے تحت خالی کیا تھا۔
