مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی قومی دفتر برائے دفاع اراضی ومزحمت برائے یہودی آباد کاری کی جانب سے فلسطینی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل طور پر بائیکاٹ کریں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی دفاع اراضی دفتر کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی ریاست کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ اجتماعی قومی ذمہ داری ہے۔ صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف مزاحمت کے دیگر اسالیب میں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی ایک مزاحمتی حربہ ہے، فلسطینی قوم کو اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی تحریک کو مزید موثر بنانے کی مہم جاری رکھنی چاہیے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی ریاست کی مصنوعات کا استعمال دشمن کو مالی اور معاشی طور پر مضبوط بنانے میں اس کی مدد کرنے کے مترادف ہے۔ اس لیے فلسطینی قوم کو یہ ادراک کرنا ہوگا کہ ایک ایسا دشمن جو فلسطینیوں سے ان کا سب کچھ چھین لینا، فلسطینی اراضی اور پورا وطن سے سلب کرنا چاہتا ہے۔ اس کی مصنوعات کا استعمال قطعا جائز نہیں۔
دفاع اراضی Â کا کہنا ہے کہ حال ہی میں صہیونی ریاست نے فلسطینیوں کی نجی املاک اور زمینوں پر ہاتھ ڈالنے کے لیے ایک نیا قانون منظور کیا ہے۔ اسرائیلی فوج اور صہیونی ریاست کے تمام ادارے فلسطینیوں کے بنیادی حقوق پامال کررہے ہیں۔ اس لیے فلسطینی قوم صہیونی ریاست کی تیار کردہ تمام چیزوں کو پاؤں کی ٹھوکر رسید کریں اور مقامی سطح پر تیار کردہ قومی مصنوعات کا استعمال کریں۔