مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق نابلس اور جنین کو ملانے والی شاہراہ پر واقع یہودی کالونی کے قریب اسرائیلی فوج نے ناکے لگا کر تمام راستے بند کردیے اور کھیتوں میں زیتون کے پھل اتارنے میں مصروف فلسطینی شہریوں کو زدو کوب کیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ یہودی فوجی زیتون کے باغات میں گھس گئے اور فلسطینی شہریوں سے الگ الگ سوال جواب کرنا شروع کردیے۔ اس موقع پر کھیتوں اور زیتون کے باغات میں کام کرنے والے فلسطینیوں کی تصاویر بھی اتاری گئیں تاہم کسی شخص کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ایک دوسرے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی ایک گشتی پارٹی نے شاہراہ جنین، نابلس پر واقع ایک خالی یہودی کالونی کے قریب سے گذرتی فلسطینی گاڑیوں کی بھی تلاشی لی۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے حملوں کا سلسلہ اب روز کا معمول بن چکا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
