ام الفحم (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے شمالی فلسطین کے شہر ام الفحم میں فلسطینیوں کے چار زیر تعمیر مکان بلڈوزر کی مدد سے منہدم کردیے۔ ام الفحم شہر سنہ 1948ء کی جنگ میں صیہونی ریاست کے قبضے میں آگیا تھا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی پولیس نے ام الفحم میں اتوار کو علی الصباح فلسطینی شہریوں کے زیرتعمیر گھروں کا محاصرہ کیا اور ان کی مسماری شروع کردی۔ایک مقامی شہری نے بتایا کہ اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے ان کے گھروں کو محاصرے میں لیا اور اس کے بعد مکانات بغیر اجازت تعمیر کرنے کے دعوے کے تحت ان کی مسماری شروع کردی۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے گذشتہ منگل کو بھی عرعرہ شہر کی الظہرات کالونی میں ایک زیرتعمیر مکان غیرقانونی قرار دے کر مسمار کردیا تھا۔