لبنان اور فلسطین کے درمیان سرحد پرتعینات اسرائیلی فوج کو جمعہ کے روز اس وقت الرٹ کردیا گیا جب لبنانی عوام جنوبی لبنان کی اسرائیلی قبضے سے آزادی کی بارہویں سالگرہ منا رہے تھے۔
لبنانی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق جمعہ کے روز صبح ہی سے قابض اسرائیلی فوج کی لبنانی سرحد کے ساتھ نقل وحرکت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا تھا۔ اسرائیلی فوجی اہلکاروں کے علاوہ بڑی تعداد میں صہیونی فوج کی گاڑیاں اور ٹینک بھی سرحد پر دیکھے جا سکتے تھے۔ اس کے علاوہ قابض کے ہیلی کاپٹر بھی فضائی نگرانی کررہے تھے۔ عینی شاہدین کاکہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی فوج کی بلٹ پروف گاڑیوں، "ہامر” طرز کی زرہ بند گاڑیوں اور میرکافا طرز کے ٹینک بھی دیکھے ہیں، جو سرحد پر مسلسل گشت کررہے تھے۔ دوسری جانب جنوبی لبنان کی آزادی کی بارہویں سالگرہ کے موقع پر نہ صرف لبنان میں آزادی کی تقریبات منائی جا رہی ہیں بلکہ سیکیورٹی فورسز کو بھی سرحد پر الرٹ کیا گیا ہے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے عالمی امن دستے”یونیفل” کے اہلکار بھی حالات کی نگرانی کررہے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

