(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) غرب اردن میں اسرائیلی فوجیوں کی جارحیت میں ایک اور فلسطینی نوجوان شہید ہو گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو رام اللہ کے شمال مشرق میں واقع گاؤں سیلواد میں فائرنگ کا نشانہ بنایا جس میں وہ شہید ہو گیا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ فلسطینی نوجوان کو اس وقت گولی ماری گئی جب وہ اسرائیلی فوج کی ایک چیک پوسٹ کے قریب جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ سیلواد نامی گاؤں، صیہونی بستی عوفر کے قریب واقع ہے جہاں اسرائیلی فوج کا سخت پہرہ رہتا ہے۔ اس علاقے میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان اکثر و بیشتر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ادھر بیت اللحم میں بھی صیہونی فوجیوں نے دو فلسطیینوں کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ صیہونی فوجیوں نے بیت اللحم میں ہی فلسطینی قیدی معاذ الصفی کے گھر پر بھی حملہ کیا، ان کے گھر کی تلاشی لی اور ان کی ماں اور بہن کو گرفتار کر لیا، جبکہ الخلیل میں بھی صیہونی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو گرفتار کیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ صیہونی فوجی اکثر یہ دعوی کرتے ہیں کہ فلسطینی نوجوان اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کرنے والا تھا اس لئے اس کو گولی مار دی گئی۔ گذشتہ برس اکتوبر میں شروع ہونے والی تحریک انتفاضہ قدس کے بعد سے اب تک دو سو تیس کے قریب فلسطینی شہری صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہو چکے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ صیہونی فوجیوں اور انتہاپسند صیہونیوں کے ہاتھوں مسجد الاقصی کی مسلسل بے حرمتی کے خلاف فلسطینیوں نے تحریک انتفاضہ قدس شروع کر رکھی ہے۔
