جمہوریت اور آزادی صحافت اور اظہار رائے کی دعویدار اسرائیلی حکومت نے فلسطینی صحافیوں کے گرد گھیرا تنگ کر رکھا ہے۔ دنیا بھر میں آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر صہیونی عدالت نے ایک فلسطینی صحافی کو پانچ ماہ قید اور 2000 شیکل مالی جرمانے کی سزا سنا دی۔
مغربی کنارے کے سب سے بڑے شہر الخلیل سے تعلق رکھنے والے صحافی مصعب التمیمی کو اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مصعب التمیمی کو 25 فروری 2013ء کو گرفتار کیا تھا۔ وہ الخلیل کے ایک مقامی ریڈیو چینل کے نمائندے اور فلسطینی قیدیوں کے امور کے معاملات کو دیکھتے تھے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے فلسطین بھر کے شہریوں کو سیاسی اور سماجی حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔ فلسطین میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری صہیونی مظالم کا شکار ہیں، بالخصوص صحافت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے اس سال کے پہلے چار ماہ کے دوران فلسطینی صحافیوں پر 144 حملے کیے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین