اسرائیلی جیل میں قید تین انتظامی اسیران اور ایک بیمار اسیر نے بغیر مقدمہ حراست اور طبی طور پر نظر انداز کئے جانے پر بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔
رام اللہ کی وزارت اسیران کے وکیل ایہاب الغالیث نے بتایا ہے کہ اسیران اکرم فسیسی، معامر بنات اور واحد ابو ماریہ کو بھوک ہڑتال کرنے کی وجہ سے عوفر جیل میں قید تنہائی میں ڈال دیا گیا ہے۔
وکیل کے مطابق اسیران کا ذاتی سامان ضبط کرلیا گیا ہے اور ان کے پاس صرف کپڑوں کا ایک جوڑا ہی رہنے دیا گیا جو کہ انہوں نے پہن رکھا ہے۔
دریں اثناء وزارت کے ایک اور وکیل کریم عجوہ کے مطابق بیمار اسیر یوسف نواجہ اپنی صحت کی سہولیات نہ ملنے پر پچھلے بارہ دنوں سے بھوک ہڑتال کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نواجہ کو فالج، بھولنے کی بیماری اور مرگی کا مرض ہے اور انہیں کوئی باقاعدہ علاج معالجے کی سہولت فراہم نہیں کی جاتی ہے۔